نئی دہلی : (ایجنسی)
اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ 2 اپریل 2022 کو پہلی بار بھارت کے دورہ پر آ رہے ہیں۔ حکومت اسرائیل کی جانب سے ایک بیان جاری کرکے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ بینیٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان آرہے ہیں۔
بینیٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں گلاسگو میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کانفرنس Cop26 کے موقع پر پی ایم مودی سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران مودی نے انہیں ہندوستان آنے کی دعوت دی تھی۔
بینیٹ کا یہ دورہ ہندوستان اور اسرائیل کے تعلقات کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اتحاد کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا ہے۔
اس دورے پر اسرائیلی وزیر اعظم بینیٹ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔ بینیٹ ہندوستان میں رہنے والی یہودی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔
پی ایم بینیٹ نے اس دورے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا، ’میں اپنے دوست وزیر اعظم مودی کی دعوت پر ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ کرتے ہوئے بہت خوش ہوں۔ مودی نے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کو دوبارہ شروع کیا ہے اور اس کی تاریخی اہمیت ہے۔‘










