سدھارتھ نگر؍بستی(ایجنسی)
وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لئے بغیر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ جذباتی موضوعات پر رائے دہندگان کے جذبات کو برانگیختہ کر کے ووٹ لینا حب الوطنی نہیں ہے بلکہ ملک کے لئے مر مٹنا حقیقی ملکی پیار ہے اٹوہ و شہرت گڑھ میں منعقد عوامی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کہا’کانگریس کا مقصد ملک کی ترقی ہے۔ کانگریس آپ کے جذبات کا استعمال نہیں کرتی۔ آپ کے جذبات ملک کے لئے ، ملک پر مر مٹنے کے لئے ہونے چاہئے یہی سچی حب الوطنی ہے،اپنے مفاد کی تکمیل کے لئے آپ کو لڑانے میں ملک سے محبت کا شائبہ تک نہیں ہے۔ ملکی باشندوں کے جذبات کو ابھار کر ووٹ لینا حب الوطنی نہیں ہے۔ اس لئے آنکھ بند کر کے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے بارے میں غور کرتے ہوئے ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی)بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے لیڈر انتخابات آنے پر مذہب اور ذات کی بات کرتے ہیں۔ مذہب۔ ذات کے نام پر یہ لوگ الیکشن جیتتے ہیں۔ لیکن آپ کے علاقے میں کام نہیں ہوتا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا’ ہمارے اجداد نے آزادی اس لئے دلائی تھی تاکہ آپ طاقت ور بنیں، خودکفیل بنیں۔ آپ کے بچے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔پنڈت نہر نے اس ملک میں بی ایچ ای ایل، ایچ اے ایل، آئی آئی ٹی، این ٹی پی سی جیسے بڑے بڑے ادارے تعمیر کرائے تاکہ آپ کو روزگار مل سکے۔ اس سے ملک کے نوجوان اہل ہوں۔ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ اس وقت ایسے لیڈر تھے جو آپ کی فلاح کے لئے کام کرتے تھے۔لیکن دھیرے دھیرے پوری سیاست مذہب اور ذات پر مبنی ہوگئی۔ اس کے خوف ناک نتائج سامنے آئے ہیں۔
پرینکا نے کہا بی جے پی حکومت کی پالیسیاں لوگوں کی کمر توڑ رہی ہیں۔ کہتے تھے کہ کالا دھن واپس آجائے گا۔ حب الوطنی کے نام پر ورغلا رہے ہیں۔ آپ کے مفاد میں کوئی تو کیا نہیں ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے آپ کے جیب ضرور خالی ہوگئی ہے۔ روزگار دینے والے تمام کاروبار بند ہونے کے دھانے پر ہیں۔ پانچ سال سے ریاست میں 12لاکھ سرکاری اسامیاں خالی ہیں کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ تمام نوجوان بے روزگار ہیں۔ روزگار دینے والے اداروں کو اپنے امیر کاروباری دوستوں کو فروخت کردیا ہے۔کسانوں کے لئے کالے قانون لےکر آئے۔ آج ریاست میں کسان کو اس کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے کھاد نہیں مل رہی ہے۔ بجلی آنہیں رہی ہے بس اس کا بل آرہا ہے۔
بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ روزگار دیا نہ کسان کو مضبوط کیا خواتین پر مظالم ڈھائے باوجود اس کے اسٹیج پر چڑھ کر کہتے ہیں کہ ہم ہی جیتیں گے۔ سی اے اے، این آر سی تحریک میں کوئی نظر آیا نہیں۔جب دلتوں پر مظالم ہوئے تو کوئی نہیں دکھا۔ ہاتھرس، اناؤ، شاہجہاں پور میں ہوئے مظالم پر کوئی سیاسی پارٹی انصاف کے لئے جدوجہد کرتی نظر نہیں آئی وہاں صرف کانگریس ہی نظر آئی۔
انہوں نے کہا کہ’آپ کے لئے جدوجہد صرف اور صرف کانگریس پارٹی نے کیا ہے۔ کانگریس نے آپ کو انصاف دلانے کے لئے آپ کا مذہب اور ذات نہیں پوچھا۔ آپ کے خلاف ظلم ہوا ، تشدد ہوا،تو کانگریس کے لیڈر آپ کے پاس آئے۔انہوں نے بستی میں شاستری چوک سے جنوب دروازے تک روڈ شو کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر کانگریس کے انتخابی منشور میں جو بھی وعدے کئے گئے ہیں انہیں نافذ کیا جائے گا۔










