دہلی: ایک اندھ بھکت کو دہلی ہائی کورٹ نے قصوروار قرار دیتے ہوئے اسے عجیب سزا سنائی ہے۔ دراصل جگدیش سنگھ نے ’’آلٹ نیوز‘‘ کے بانی و معروف صحافی محمد زبیر کو ایک پوسٹ میں ’جہادی‘ کہا تھا۔ عدالت نے جگدیش کو قصوروار قرار دیتے ہوئے اسے سزا کے طور پر اپنے ’ایکس‘ اکائونٹ پر معافی نامہ شائع کرنے کی ہدایت دی جسے پیج پر دو ماہ تک رکھنا لازمی ہوگا۔ جگدیش نے 2020ء میں زبیر کے خلاف قابل اعتراض ٹوئٹ کرتے ہوئے صحافی کو جہادی کہہ دیا تھا۔ جسٹس انوپ جئے رام بھمبھانی نے جگدیش سنگھ کو اندرون ایک ہفتہ معافی نامہ پوسٹ کرنے کیلئے بھی کہا۔ عدالت نے بتایا کہ ٹوئٹ کا متن کچھ اس طرح ہو ’’میں درج بالا تبصرہ کے لیے معذرت خواہ ہوں، میرے تبصرے کا مقصد کسی بری نیت سے محمد زبیر کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔‘‘ جسٹس بھمبھانی نے زبیر کی عرضی کو بھی منظور کرلیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف پوکسو کے تحت درج ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کی گزارش کی تھی۔ جبکہ اس معاملے میں انہیں پہلے ہی کلین چٹ مل چکی ہے۔ جگدیش نے زبیر کے خلاف فرضی شکایت درج کرائی تھی اور ان پر اپنی پوتی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور ٹوئٹ کیا تھا کہ ’’ایک بار کا جہادی ہر بار کا جہادی۔‘‘ وہیں عدالت نے جب اس معاملہ پر دہلی پولیس سے کاروائی سے متعلق دریافت کیا تو پولیس نے کہا تھا کہ ’’زبیر کی شکایت پر جگدیش کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔‘‘(سیاست)