نئی دہلی ۲۴ اگست :صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد کیرالہ کے وائناڈ علاقے میں پہنچا جہاں حالیہ لینڈ سلائڈ سے شدید نقصان ہوا ہے۔ اس وفد نے جمعیۃ علماء کیرالہ کی جانب سے متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا اور مستقبل کے لیے ٹھوس اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔وفد میں جمعیۃ علماء کرناٹک کے ناظم اعلیٰ مولانا مفتی شمس الدین بجلی قاسمی، جمعیۃ علماء تامل ناڈو کے ناظم اعلیٰ حاجی محمد حسن اور جمعیۃ علماء کیرالہ کے صدر مولانا محمد ابراہیم سمیت کل 22 اراکین شامل تھے۔
وفد نے کیرالہ کے صدر مولانا محمد ابراہیم کی قیادت میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سےملاقات کی۔ اس دوران وفد کو بتایا گیا کہ لینڈ سلائڈ کی تباہی سے متعدد گاؤں صفحۂ ہستی سے مٹ گئے، کئی بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہو گئیں، جبکہ عمر رسیدہ افراد کو مزید مشکلات درپیش ہیں۔ ان حالات میں فوری مدد کےساتھ طویل مدتی بحالی کے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
چنانچہ اس مقصد کے لیے جمعیۃ علماء کیرالہ نے کاٹیکولم کے علاقے میں ایک ایکڑ زمین پر "جمعیۃ ولیج” کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں کمیونٹی سینٹر بھی تعمیر کی جائے گی۔
مولانا مفتی شمس الدین بجلی قاسمی نے یقین دہانی کرائی کہ جمعیۃ علماء کرناٹک کی ٹیم اس منصوبے میں اہم کردار ادا کرے گی۔وفد کے دیگر اراکین میں جمعیۃ علماء کیرالہ کے جنرل سکریٹری مولانا مجیب نجمی، مولانا سفیان ،مولانا طلحہ ، مولانا عبدالستار، مولانا امین، مولانا نوراللہ ، مفتی شباب قاسمی ( کیرالہ )مولانا محمد عمر مرکزی کارکن جمعیۃ علماء ہند، مولانا حسین (صدر جمعیۃ علماء بنگلور)، تفہیم اللہ معروف (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بنگلور)، رضوان بدر، قطب الدین عرف عبدالمتین، مولانا عبد الستار، مولانا اشرف، مفتی سلیم اور مولانا ظہیر شامل ہیں۔