رانچی: پولیس کانسٹیبل کی ملازمتوں کے بارہ امیدواروں کی فزیکل ٹیسٹ کے دوران ہلاکت کے بعد منگل کو تحقیقاتی کارروائی شروع کی ہے۔ جھارکھنڈ میں اس ٹسٹ کے لئے دس کلومیٹر کی دوڑ کرائی جاتی ہے مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کا بحران کس حد تک شدت اختیار کر گیا ہے ۔مرنے والے یہ نوجوان ان پانچ لاکھ امیدواروں میں شامل تھے جو سرکاری محکمہ ایکسائز میں کانسٹیبل کے طور پر اعلان کی گئی صرف 583 ملازمتوں کے لیےٹیسٹ دے رہے تھے ،یعنی ایک ملازمت کے لیے 850 سے زیادہ افراد امیدوار تھے ۔بھرتی کے اس واقعے میں جھارکھنڈ میں گزشتہ دو ہفتوں میں 12 افراد 10 کلومیٹر کی ریس کے ٹیسٹ کےدوران ہلاک ہو ئے۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا کہ بہت سے امیدواروں کو پانی کی کمی کی وجہ سے کم بلڈ پریشر کے ساتھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اخبار نے منگل کے روز اپنے اداریے میں کہا کہ بھرتی کے ٹیسٹ میں ہونے والی اموات بے روزگاری کے ایک وسیع تر بحران کی "علامت” ہیں۔
اخبار نے لکھا کہ’’یہ مقابلے نہیں ہیں،یہ کام کی عمر کے لوگوں کی ذریعہ معاش کے حصول کی کوشش کے لیے لڑی جانے والی بقا کی جنگیں ہیں
بھارت دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے، لیکن دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد ملک میں ملازمتوں کا بحران بھی اتنا ہی بڑا ہے ۔
بھرتی کی سابق ادوار میں ، لوگ ملازمتوں ،یا انتہائی مسابقتی ملازمتوں کے داخلہ امتحانوں کے لیک ہونے والے پرچوں کے حصول کے لیے رشوتیں دینے کی خاطر لیے گئے قرضوں میں بری طرح جکڑے جا چکے ہیں۔
ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ان اموات کو اندوہناک قرار دیا اور ماہرین صحت کو حکم دیا کہ وہ ان نوجوانوں کی بے وقت موت کی چھان بین کریں کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔
ریاستی پولیس کے سربراہ انوراگ گپتا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بھرتی مہم کے سلسلے کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔جھارکھنڈ بھارت کی ان چند ریاستوں میں شامل ہے جہاں بے روزگاری اور غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے
ورلڈ بینک کے مطابق، گزشتہ سال بھارت میں 15 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 23.2 فیصد رہی۔
اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے کے تخمینوں کے مطابق 2021 میں بھارت میں آمدنی کی کم سے کم حد یعنی 2.15 ڈالر یومیہ سے کم کمانے والے لوگوں کی تعداد گھٹ کر 10 فیصد رہ گئی ہے۔۔