نئی دہلی: جے این یو میں آج اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرپرسن روی کانت نے بتایا کہ اس بار کل 9,043 طلبہ ووٹر اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں -ووٹنگ کے بعد گنتی رات 9 بجے شروع ہوگی اور حتمی نتائج کا اعلان چھ نومبر کو کیا جائے گا۔
اس بار، جے این یو الیکشن میں کل 20 امیدوار مرکزی پینل کے چار عہدوں صدر، نائب صدر، جنرل سکریٹری، اور جوائنٹ سکریٹری کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں امیدواروں میں تقریباً 30 فیصد خواتین ہیں۔ تقریباً 25 فیصد خواتین کونسلر کے عہدوں کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے اس بار خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔
لیفٹ کے متحدہ امیدوار اس الیکشن میں بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA)، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (SFI) اور ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس فیڈریشن (DSF) نے لیفٹ یونٹی کے بینر تلے متحدہ محاذ بنایا ہے۔ پچھلی بار ایس ایف آئی اس اتحاد کا حصہ نہیں تھی، لیکن اس بار تینوں تنظیموں نے مل کر مقابلہ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ لیفٹ یونٹی نے صدر کے عہدے کے لیے ادیتی مشرا (اے آئی ایس اے)، نائب صدر کے عہدے کے لیے کے گوپیکا (ایس ایف آئی)، جنرل سکریٹری کے عہدے کے لیے سنیل یادو (ڈی ایس ایف) اور جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے کے لیے دانش علی (اے آئی ایس اے) کو میدان میں اتارا ہے
اے بی وی پی بھی میدان میں دوسری طرف اے بی وی پی نے صدر کے عہدے کے لیے وکاس پٹیل، نائب صدر کے عہدے کے لیے تانیا کماری، سیکریٹری کے عہدے کے لیے راجیشور کانت دوبے اور جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے کے لیے انوج کو نامزد کیا ہے۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کی طرف سے وکاس صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
صدارتی امیدوار وں تعارف: لیفٹ یونٹی کے صدارتی امیدوار (AISA) کا تعلق وارانسی، اتر پردیش سے ہے۔ انہوں نے بی ایچ یو میں طالبات پر عائد پابندیوں کے خلاف سال 2017 کے احتجاج میں حصہ لیا۔ ادیتی فی الحال جے این یو کے مرکز برائے تقابلی سیاست اور سیاسی نظریہ (سی سی پی پی ٹی) سے پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ ان کی تحقیق 2012 سے اتر پردیش میں صنفی بنیاد پر تشدد اور مزاحمت پر مرکوز ہے۔
اے بی وی پی کے صدارتی امیدوار وکاس پٹیل اتر پردیش کے مہاراج گنج ضلع کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے جے این یو سے کورین زبان اور سیاسیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے اور فی الحال پی ایچ ڈی اسکالر ہیں۔ وکاس سال 2014 سے اے بی وی پی سے وابستہ تنظیم کے جے این یو یونٹ سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور فی الحال ریاستی شریک سکریٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔








