کانپور:(ایجنسی)
کانپور کی میئر پرمیلا پانڈے کے خلاف بی جے پی کو ووٹ دینے کے لیے پولنگ بوتھ میں کھلے عام ووٹ کی اپیل کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے پولنگ بوتھ کے اندر سے تصاویر اور ویڈیوز کلک کیں اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔ میئر پرمیلا نے کانپور کے ہڈسن اسکول ووٹنگ سینٹر میں اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے ای وی ایم بٹن دباتے ہوئے ایک ویڈیو شوٹ کیا۔ ان میں صاف نظر آرہا ہے کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس ویڈیو کو وہاٹس ایپ سمیت کئی سوشل میڈیا گروپس میں شیئر کیا۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے میئر کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے پولیس حکام سے ایف آئی آر درج کرنے کو کہا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ٹوئٹر پر لکھا – مسز پرمیلا پانڈے کے خلاف ہڈسن اسکول پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ سیکشن کے تحت ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
معاملہ اس لیے بھڑک اٹھا کیونکہ سماج وادی پارٹی کے لیڈروں نے ڈی ایم اور ضلع الیکشن افسر سے صاف الفاظ میں کہا تھا کہ ہر چیز کے ثبوت موجود ہیں، اگر پرمیلا پانڈے کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو وہ الیکشن کمیشن میں براہ راست ڈی ایم کے خلاف شکایت کریں گی۔ خود پرمیلا پانڈے کا پوسٹ کیا گیا ویڈیو بھی وائرل ہوگیا تھا۔ اس کی وجہ سے ڈی ایم کو اس معاملے میں پہل کرنی پڑی، ورنہ یہ معاملہ آسانی سے دبا دیا جاتا۔
یوپی میں آج تیسرے مرحلے کے لیے 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ریاست میں کل سات مرحلےمیں انتخابات ہونے ہیں۔ دو مرحلے ہو چکے ہیں۔ تیسرے مرحلے میں 627 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ جاری ہے ۔










