کرناٹک میں ایک بار پھر ٹیپو سلطان کے نام پر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ معاملہ ریاست کے یادگیر ضلع کا ہے جہاں ایک سرکل کا نام ٹیپو سلطان رکھا گیا ہے۔ اس عمل پر ہنگامہ شروع ہو گیا ہے اور کچھ لوگوں نے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ معترضین میں ہندوتوتنظیموں کے لیڈران و کارکنان شامل ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ اس کا نام بدل کر ساورکر سرکل رکھا جائے۔ انھوں نے ایسا نہ ہونے پر مظاہرہ کرنے کی تنبیہ بھی دی ہے جس کے بعد علاقے میں کشیدگی والے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو فرقوں میں کشیدگی جیسے حالات پیدا ہوتے دیکھ کر ایڈیشنل کمشنر شالوم حسین نے پورے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے میں کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ انھوں نے نظامِ قانون بگاڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی تنبیہ بھی دی ہے۔ حالات قابو میں رہیں، اس کے لیے پولیس محکمہ کی طرف سے ہر ممکن تیاری کی گئی ہے۔








