بنگلورو:(ایجنسی)
کرناٹک پولیس نے 20 فروری کو ریاست کے شیموگہ میں بجرنگ دل کے کارکن کے قتل کے سلسلے میں گرفتار 10 لوگوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات لگائی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ مطابق مجرمانہ پس منظر کے ساتھ 27 سالہ ہرش ہندو کے قتل کے ملزم کے خلاف UAPA کے تحت الزام لگانے کو معاملہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)کے حوالے کرنے میں ایک کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ریاستی پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا، ’’قتل کے پیچھے کسی بڑی سازش کا شبہ ہے‘‘۔
واضح رہے کہ یو اے پی اے کی دفعات عام طور پر ان معاملات میں لاگو ہوتی ہیں جہاں ملک کی سالمیت کو نشانہ بنانے کی سازش کا شبہ ہو۔ یو اے پی اے کے تحت عام معاملات میں مشتبہ شخص کو 30 دن تک پولیس حراست میں رکھا جا سکتا ہے اور چارج شیٹ 90 دنوں کے بجائے 180 دنوں میں داخل کی جا سکتی ہے۔ اس قانون کے تحت ضمانت ملنا مشکل ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ ہرش کو ان لوگوں نے قتل کیا ہے جن کے ساتھ اس کی مبینہ طور پر 2016 سے لڑائی چل رہی تھی۔ اس معاملے میں گرفتار 10 میں سے ایک محمد کاشف (30) 2017 میں ہرش کے ساتھ جیل میں تھا۔ اس واردات کو انجام دینے میں ملوث دیگر ملزمان پر حملہ، چوری اور ڈکیتی کے کئی مقدمات درج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قتل چھ ماہ قبل عدالت کے احاطے میں ہرش اور حملہ آوروں میں سے ایک کے درمیان تصادم کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
تاہم، پولیس ایک بڑی سازش کی تحقیقات کر رہی ہے، خاص طور پر اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ یہ قتل حجاب پر پابندی کے تنازع کے درمیان ہوا ہے۔
ہرش مبینہ طور پر شیموگہ کے کچھ کالجوں میں حجاب پر پابندی کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں میں شامل تھا۔ سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’’ملزمان مقامی مجرم ہیں اور شبہ ہے کہ انھوں نے خود ہی قتل کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا‘‘۔
شیموگہ ایم ایل اے اور وزیر کے ایس ایشورپا اور مرکزی وزیر شوبھا کرندلاجے نے این آئی اے جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا گیانندرا نے جمعہ کو کہا کہ ریاستی پولیس اپنی تحقیقات جاری رکھے گی۔










