نئی دہلی :(ایجنسی)
ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہے۔ اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرنی سینا نے ’دی کشمیر فائلز‘ کے ڈائریکٹر سے فلم کی کمائی کا 50 فیصد عطیہ کرنے کی بات کی ہے ۔ تاکہ اس رقم کا استعمال بے گھر کشمیر پنڈتوں کی مدد کے لئے کیا جاسکے۔ آج کل اس طرح کی فرضی خبریں بھی سوشل میڈیاپر خوب چلتی ہیں۔ اس لئے ہم نے سوچا کہ اس طرح کے دعوؤں کو ایک بار کراس چیک کرلیتے ہیں ۔ پہلے آپ وہ فوٹو دیکھیے جسے پوسٹ کر کے اس طرح کے دعوے کئے جارہے ہیں

۔
ہماری تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ دعوے درست ہیں۔ دی ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق 16 مارچ کو چنڈی گڑھ میں فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرنی سینا کے قومی صدر سورج پال سنگھ امو نے کہا کہ ’زیادہ تر ریاستوں نے اس فلم کو ٹیکس فری قرار دیا ہے، تاکہ عام لوگ بھی اسے دیکھ سکیں۔ اس لیے اس فلم کے پروڈیوسر (زی اسٹوڈیو) اور ہدایت کار (وویک رنجن اگنی ہوتری) کو آگے آنا چاہیے اور فلم کی کمائی کا 50 فیصد عطیہ کرنا چاہیے۔ تاکہ اس رقم کو بے گھر کشمیری پنڈتوں کی بہبود کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ اس سے یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ فلم بنانے والوں نے فلم میں جو کہانی دکھائی ہے، وہ اس کے شکار ہونے والے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
سورج پال سنگھ امو نے مزید کہا کہ اگر ’دی کشمیر فائلز‘ کے بنانے والوں نے ایسا نہیں کیا تو یہ سمجھا جائے گا کہ انہوں نے یہ فلم کشمیری پنڈتوں کی حالت زار کو کیش کرنے کے لیے بنائی ہے۔ ان کی بھلائی کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے ۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو کرنی سینا کے لوگ یہ فلم نہیں دیکھیں گے ۔
ابھی تک اس معاملے پر فلم سے وابستہ کسی رکن کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔ نہ ہی اس نے ابھی تک کسی قسم کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ جہاں تک ‘’دی کشمیر فائلز‘ کی کمائی کا تعلق ہے، اس فلم نے اتوار کو 26.20 کروڑ روپے کلیکشن کیے تھے۔ اس کے ساتھ ہی 11 مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم کا کل کلیکشن 167.45 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ فلمی کاروبار سے باخبر افراد کا ماننا ہے کہ ’دی کشمیر فائلز‘ 200 کروڑ کا ہندسہ چھو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ’دی کشمیر فائلز‘ اکشے کمار کی ’سوریہ ونشی‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔ روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’سوریہ ونشی‘ نے گھریلو باکس آفس سے 195.55 کروڑ روپے کمائے۔ جو وبائی امراض کے بعد ریلیز ہونے والی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے۔










