نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے بنگلے کی تزئین و آرائش پر 45 کروڑ کے اخراجات کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کل جہاں دہلی کے بی جے پی لیڈروں نے کیجریوال کو اس معاملے میں گھیر لیا وہیں آج بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے کیجریوال پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہاراج کا اصلی چہرہ سامنے آ گیا ہے۔ کیجریوال نے بنگلے کی تزئین و آرائش پر 45 کروڑ روپے خرچ کئے۔
پردے، ٹائلیں، کچن کی اپنی کہانی:سمبت پاترا نے کہا کہ تزئین و آرائش میں 45 کروڑ خرچ ہوئے۔ پردوں، ٹائلوں، کچن کی اپنی کہانی ہے۔ یہ سب شور مچا رہے ہیں کہ ہم اعلیٰ معیار کے ہیں۔ سمبت پاترا نے کہا کہ ہر ایک پردے کی قیمت 8 لاکھ روپے ہے اور 23 پردے لگائے گئے ہیں۔ یہ وہی اروند کیجریوال ہیں جو گلے میں مفلر باندھ کر پرانی گاڑی میں سفر کیا کرتے تھے۔ ان کے لیڈر حلف کے دن آٹوز میں لٹک کر آئے تھے۔ پتہ نہیں کہاں ہے وہ ویگن آر گاڑی جس میں وہ حلف لینے آئے تھے۔ 1 کروڑ 15 لاکھ مالیت کا ماربل ویتنام سے درآمد کیا گیا۔ 4 کروڑ روپے کی پری فیبریکیٹڈ لکڑی لگائی گئی ہے۔







