نئی دہلی: ای ڈی کی کارروائی کے دعووں کے درمیان دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال گجرات کے تین روزہ دورے پر جا رہے ہیں۔یہ دورہ 6 اور 8 جنوری کے درمیان ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے عام آدمی پارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ دورہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ہو رہا ہے۔ اس دوران کیجریوال پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹنگوں اور عوامی تقاریب میں حصہ لیں گے۔
وہ جیل میں بند پارٹی لیڈر چترا وساوا اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اروند کیجریوال کو گرفتار کرنا چاہتا ہے۔پارٹی لیڈر جیسمین شاہ نے جمعرات کو میڈیا کو بتایا، "وہ اروند کیجریوال کو بے بنیاد طریقے سے گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال جی ہر تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ یہ قانونی ہو۔”بدھ کی رات ہی عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈروں اور دہلی حکومت کے وزراء نے دعویٰ کیا تھا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جمعرات کو اروند کیجریوال کو گرفتار کر سکتا ہے۔
دہلی حکومت کے وزراء آتشی اور سوربھ بھردواج نے رات دیر گئے ٹویٹس میں کہا تھا کہ ای ڈی آج اروند کیجریوال کے گھر پر چھاپہ مارے گی۔ای ڈی کی پوچھ گچھ کے لیے تیسرے سمن پر بھی اروند کیجریوال کے حاضر نہ ہونے کے بعد یہ دعوے کیے گئے۔اس دوران خبر ہے کہ دہلی پولیس نے کیجریوال کے گھر کے اردگرد سخت سیکیورٹی کی ہے ان کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردئے ہیں پہلے میڈیا کو بھی جانے کی اجازت نہیں تھی بعد ازاں انہیں اجازت دے دی گئی ۔فی الحال قیاد آرائیوں کا بازار گرم ہے









