نئ دہلی:بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کی سنگاپور میں گردے کی پیوند کاری ہوگی۔ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ لالو کو گردہ دیں گی۔ لالو یادو اس وقت دہلی میں ہیں اور جلد ہی سنگاپور روانہ ہونے والے ہیں۔ ان کا رواں ماہ گردہ ٹرانسپلانٹ ہونا ہے۔
یادرہے کہ لالو ڈاکٹروں سے چیک اپ کروانے کے بعد پچھلے مہینے سنگاپور واپس آئے تھے۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سنگاپور کے ڈاکٹروں نے لالو یادو کے گردے کی پیوند کاری کی اجازت دے دی ہے۔ لالو کی بیٹی روہنی اچاریہ انہیں گردہ عطیہ کریں گی۔
روہنی اپنے شوہر کے ساتھ سنگاپور میں رہتی ہیں۔ پچھلے مہینے جب لالو یادو ڈاکٹر سے ملنے سنگاپور گئے تھے تو وہ روہنی کے گھر ٹھہرے تھے۔آر جے ڈی سپریمو کو گردے، دل سمیت دیگر کئی بیماریاں ہیں۔ وہ طویل عرصے سے دہلی ایمس میں زیر علاج تھے۔ وہاں کے ڈاکٹروں نے گردے کی پیوند کاری کی ضرورت بتائی۔
سنگاپور میں علاج کروانے کا مشورہ بھی دیا۔ اس کے بعد لالو یادو اکتوبر میں سنگاپور گئے اور وہاں کے ڈاکٹروں سے چیک اپ کرایا۔








