پٹنہ۔ بہار کی سیاست سے قیاس آرائیوں اور اٹھا پٹخ کی خبروں کے درمیان آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملنے اچانک سی ایم ہاؤس پہنچ گئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں اچانک آمد سے سیاسی ہلچل بڑھ گئی ۔قابل ذکر ہے کہ سیٹ شیئرنگ کے ساتھ ساتھ بہار کی بدلتی سیاست کے درمیان لالو یادو اور تیجسوی یادو کا سی ایم ہاؤس پہنچنا غیر متوقع ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ لالو یادو گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں پہلی بار سی ایم ہاؤس پہنچے۔ تقریباً 50 منٹ کی ملاقات کے بعد تیجسوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار بہار کے وزیر اعلیٰ ہیں، وہ نائب وزیر اعلیٰ ہیں، ہمیں ملنا ہے۔ جس طرح سے نوکری بحالی کا اعلان کیا جا رہا ہے اور کھیلوں کی پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے، اس میں کسی قسم کی قیاس آرائی کا کوئی جواز نہیں۔ بی جے پی بار بار افواہیں پھیلا رہی ہے اور آپ لوگ (میڈیا) اس کے اتحادی بن رہے ہیں، یہ اچھی بات نہیں ہے۔ انڈیا الائنس میں ہم نتیش کمار کی قیادت میں قابل احترام سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔
درحقیقت جب سے وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیا ہے تب سے سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے۔ وزیر داخلہ کے بیان سے بہار کا سیاسی درجہ حرارت اچانک بڑھ گیا ہے۔









