نئی دہلی :(ایجنسی)
راجدھانی میں جمعہ سے بسوں اور مال بردار گاڑیوں کو مقررہ لین میں چلنا ہوگا۔ فی الحال اس زمرے کی گاڑیوں پر یہ قاعدہ 15 دن تک لازمی رہے گا۔ اس کے بعد یہ اصول ہر قسم کی گاڑیوں پر لاگو ہو گا۔
ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسیں اسٹاپ پر فراہم کردہ باکس کے اندر رکیں گی۔ قوانین کو نظر انداز کرنے پر بس ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی انفورسمنٹ ٹیم، ڈی ٹی سی اور کلسٹر اور ٹریفک پولیس کی 50 ٹیمیں لین ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں پر موجود رہیں گی۔
پہلے مرحلے میں بسوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ لین میں چل کر گاڑیوں کی آمدورفت کو ممکن بنایا جا سکے۔ تاہم، لین ڈرائیونگ پر سختی کے نفاذ کی وجہ سے، سڑکوں پر ٹریفک جام ہوسکتا ہے۔ محکمانہ حکام کے مطابق بسوں کی سہولت کے لیے لین اور باکس بنائے گئے ہیں۔ انہیں صرف مقررہ لین میں ہی چلنا ہے۔
اس دوران اگر کوئی اور گاڑی بسوں کے لیے مختص لین میں کھڑی ہوگی تو اسے کرین کے ذریعے کھینچ کر لے جایا جائے گا۔ محکمہ کے افسران نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ لین ڈرائیونگ کے نفاذ میں تعاون کریں۔ بسوں کے لیے مختص لین کو چھوڑ دیں، تاکہ ٹریفک کے انتظام میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پہلے ہی ہدایات دے دی ہیں۔
پہلی بار قاعدہ توڑنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ بار بار اصول توڑنے والوں کے لائسنس اور پرمٹ رد کرنے سمیت ان پر معاملہ بھی درج کیا جاسکتا ہے۔ بسوں کے لئے دہلی کی تمام سڑکوں پر پہلے مرحلے میں اسے لاگو کیاجا رہاہے ۔










