اگر آپ ایم فل نصاب میں داخلہ لینے جا رہے ہیں یا ایسا کوئی منصوبہ بنا رہے ہیں تو آپ کو الرٹ ہونے کی ضرورت ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اب ایم فل ڈگری کی منظوری ختم کر دی گئی ہے۔ اب کوئی بھی ہندوستانی یونیورسٹی ایم فل کی ڈگری یا نصاب کے لیے طلبا کو پیشکش نہیں کر سکے گی۔
یو جی سی چیئرمین پروفیسر ایم جگدیش کمار کے مطابق یو جی سی نے یونیورسٹیوں کو 25-2024 سیشن کے لیے ایڈمیشن روکنے سے متعلق فوراً قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ حالانکہ پہلے سے ایم فل کر رہے طلبا پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔ یو جی سی نے ملک بھر کے سبھی طلبا کو بھی اس سلسلے میں الرٹ رہنے کو کہا ہے۔
یو جی سی کا کہنا ہے کہ طلبا کسی بھی یونیورسٹی کے ذریعہ پیش کردہ ایم فل پروگرام میں داخلہ نہ لیں۔ یو جی سی کے طمابق ایم فل ڈگری کو منظوری نہیں ہے۔ اس نے سبھی اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں یا پھر ان سے متعلق کالج ایم فل نہ کرائیں۔ حالانکہ یو جی سی کے ذریعہ جاری کردہ ہدایات کے باوجود بھی کچھ یونیورسٹیز ایم فل جیسے پروگرام دستیاب کرا رہے ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے یو جی سی نے اب طلبا کو بھی محتاط رہنے کو کہا ہے۔









