بھوپال: مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے ایک رہنما پر گذشتہ ہفتے ریاستی محکمہ داخلہ کی منظوری کے بعد فوجداری مقدمات ختم کردیئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں یہ قدم 1994 میں گوپال گنج کے اس وقت کے ڈی ایم کرشنیا کے قتل کے مجرم آنند موہن سنگھ کو بری کیے جانے پر ریاست میں سیاسی گھمسان کے درمیان اٹھایا گیا ہے۔ بہار میں ان کی رہائی کے ضابطے میں ترمیم کرنے کے ریاستی حکومت کے اقدام پر بی جے پی نے سخت تنقید کی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے سابق ایم ایل اے رگھوراج سنگھ کنسانا کئی معاملات میں ملزم تھے۔ 2012 میں، ان پر مورینا میں ڈکیتی، قتل کی کوشش اور اغوا جیسے سنگین الزامات تھے۔
رگھوراج سنگھ 2018 میں کانگریس ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ کچھ ہی دنوں بعد کمل ناتھ حکومت نے ان کے مقدمات کو خارج کرنے کی کوشش کی، لیکن محکمہ قانون نے یہ اعتراض کرتے ہوئے انکار کر دیا کہ الزامات اتنے سنگین ہیں کہ ان سے گریزممکن نہیں۔
2019 میں، سی بی آئی نے بینک فراڈ کیس میں مورینا میں رگھوراج سنگھ کی رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی جس میں ان کا بھتیجا ملوث ہے۔
انہوں نے جیوترادتیہ سندھیا کے ساتھ کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے 2020 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں کابینہ وزیر کا عہدہ ملا، کیونکہ بی جے پی نے انہیں پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبود کے محکمے کا چیئرمین بنایا
گزشتہ ہفتے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نے وزیر داخلہ کو ایک تجویز بھیجی تھی، جس میں کہا گیا تھا، ’’مقدمہ واپس لینے کے لیے محکمانہ رضامندی پر غور کے لیے معاملے کو مناسب حکم کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔‘‘ این ڈی ٹی وی کے مطابق، اس کےاگلے دن، 19 اپریل کو، مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے رگھوراج سنگھ کنسانہ کے خلاف فوجداری مقدمہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔







