لکھنؤ: پریاگ راج کے مشہور راجو پال قتل کیس کے اہم گواہ امیش پال اور ان کے سیکورٹی گارڈ سندیپ نشاد کو جمعہ کی شام گولی مار دیے جانے کے معاملے میں آج اسمبلی میں کافی ہنگامہ ہوا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اتفاق اور اختلاف ہوگا لیکن مجرموں کو کس نے بڑھایا؟ یہ مجرم اور مافیا آخر کس نے پالے ہیں؟ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ جس شخص کے خلاف ایف آئی آر درج ہے اسے ایس پی نے ایم پی بنایا تھا؟ مجرم کو سامنے لاؤ گے پھر تماشا لگاؤ گے۔ ہم اس مافیا کو مٹی میں ملا دیں گے۔
اس سے قبل سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ اتر پردیش میں فائرنگ، بم دھماکے اور گینگ وار ہورہی ہے ۔ یہ حکومت پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ کیا یہی رام راجیہ ہے جہاں کھلے عام بندوقیں چلائی جا رہی ہیں؟ پولیس پوری طرح ناکام ہے اور اس کے لیے بی جے پی ذمہ دار ہے۔








