نئی دہلی; (خاص خبر)-اجیت پوار اور شرد پوار کی تازہ دو ملاقاتوں کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں پھر سے بحث کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ بحث یہ ہے کہ کیا چچا بھتیجے کے درمیان پھر سے کچھ کھچڑی پک رہی ہے؟ اتوار کو دونوں کی ملاقات کے بعد پیر کو دوبارہ ملاقات ہوئی ہے۔ اجیت پوار مہاراشٹر کی کابینہ میں حلف لینے والے 8 وزراء کے ساتھ پیر کو شرد پوار سے ملنے آئے تھے۔ ان دونوں کی مسلسل دو دن کی اس ملاقات سے کئی معنی نکالے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزراء نے شرد پوار سے معافی مانگ لی ہے لیکن اس دوران شرد پوار مکمل طور پر پرسکون رہے۔ اس مبینہ معافی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ شرد پوار دھڑے کے ایک قریبی لیڈر نے بتایا کہ اب تمام سروے میں یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ مہاراشٹر کے لوگوں کی حمایت شرد پوار کے ساتھ ہے، وہ اس سے خوفزدہ ہیں۔ اجیت پوار دھڑے کے باغیوں میں الجھن کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرد پوار کی عظمت ہے کہ وہ پارٹی کے خلاف بغاوت کرنے والوں سے بھی ملنے کو تیار ہو گئے۔ اس میٹنگ میں شرد پوار نے کچھ نہیں کہا۔
اس ملاقات کے بارے میں شرد پوار کی طرف سے سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ اس میٹنگ کو اس لیے بھی خاص سمجھا جا رہا ہے کیونکہ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس 17 جولائی سے ہی شروع ہو چکا ہے۔







