دہلی: دہلی پولیس پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی کرنے کے معاملہ میں تابڑ توڑ گرفتاریاں کر کر رہی ہے۔ اسی معاملے میں چھٹے ملزم کو بھی ہفتہ کے روز گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت مہیش کماوت کے طور پر کی گئی ہے۔ دہلی پولیس کے افسران نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہیش بھی پوری سازش کا حصہ تھا۔ گرفتاری گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد عمل میں آئی۔
راجستھان کے ناگور ضلع کا رہنے والا مہیش بھی 13 دسمبر کو دہلی آیا تھا۔ اسی دن دو افراد سامعین کی گیلری سے لوک سبھا میں کود گئے۔ وہاں انہوں نے دھواں پھیلایا اور پھر اگلے ہی لمحے اس واقعے نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی۔ واقعہ کے بعد مرکزی سازش کار للت جھا دہلی سے فرار ہو گیا تھا اور راجستھان میں مہیش کے ٹھکانے پر ہی پہنچا تھا۔ پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ مہیش بھی للت کے ساتھ ان چار ملزمان کے موبائل فون کو تباہ کرنے میں ملوث تھا جنہیں ابتدائی طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔
انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ مہیش نیلم دیوی کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں تھا۔ نیلم کو پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ جبکہ اس کے دوسرے ساتھی جو اس سازش میں ملوث تھے، للت اور مہیش دونوں نے جمعرات کو نئی دہلی کے علاقے میں پولیس اسٹیشن میں ایک ساتھ خودسپردگی کی۔ للت کی گرفتاری جمعہ کو درج کی گئی تھی۔ مہیش کے کزن کیلاش سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی لیکن پولیس نے اسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے۔









