انڈیا الائنس نے یکم جون کو اپنے اتحادیوں کی دہلی میں میٹنگ بلائی ہے جس دن ساتویں مرززحلئ کی پولنگ ہے ۔جیسا کہ قیاس آرائیاں تھیں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی یکم جون کو ہونے والی انڈیا الائنس کی میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گی۔ چکروات متاثرہ علاقے میں ریلیف ورک اور لوک سبھا الیکشن کے آخری مرحلے کی ووٹنگ کے سبب وہ اس میٹنگ میں حصہ نہیں لے پائیں گی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ”میں میٹنگ میں حصہ لینے کے لئے بھلے ہی وہاں نہیں رہوں گی، لیکن میرا دل وہاں رہے گا۔“ اسی دن ممتا بنرجی، اورپارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی لوک سبھا الیکشن میں ووٹنگ کریں گے۔
واضح ہو اس دن ہی کولکاتا جنوب اور کولکاتا شمال سمیت 9 سیٹوں پرووٹنگ ہوگی۔ جو ٹی ایم سی کے لئے بہت اہم معرکہ ہے۔ ریاست میں یکم جون کو ووٹنگ والے دیگرلوک سبھا علاقوں میں بھی جادوپور، دم دم، بارا سات، بشیرہاٹ، جے نگر، متھرا پور اور ڈائمنڈ ہاربربھی شامل ہیں۔پارٹی نے اب تک اپوزیشن بلاک کی سبھی میٹنگوں میں حصہ لیا ہے۔دریں اثنا ممتا بہت واضح طور پر کہہ چکی ہیں کہ ان کی پارٹی حکومت سوزی کی صورت میں انڈیا الائنس کو باہر سے حمایت دیں گی –
قابل ذکر ہے کہ 28 اپوزیشن پارٹیوں نے مل کرانڈیا بلاک بنایا تھا۔ تاہم، نتیش کمارکی جنتا دل یواور راشٹریہ لوک دل جیسی کچھ پارٹیاں بعد میں این ڈی اے میں شامل ہوگئیں۔
ترنمول کانگریس انڈیا الائنس کی سبھی میٹنگوں اور ریلیوں کا حصہ رہی ہے۔ 31 مارچ کو دہلی میں ہوئی ریلی میں ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک اوبرائن نے اعلان کیا تھا کہ وہ انڈیا بلاک کا حصہ بنے رہیں گے۔ قابل ذکرہے کہ انڈیا الائنس کی پہلی میٹنگ گزشتہ سال 23 جون کو پٹنہ میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد 18-17 جولائی، 2023 کو بنگلورو میں اورپھر 31 اگست سے یکم ستمبرکے درمیان ممبئی میں میٹنگ ہوئی۔ یہیں پرسبھی اپوزیشن پارٹیوں نے متحد ہوکرلوک سبھا الیکشن لڑنے کا عزم کیا تھا۔ نتیش کمارکی پارٹی جے ڈی یو اورجینت چودھری کی پارٹی آرایل ڈی کو چھوڑکرباقی تمام پارٹیاں انڈیا الائنس کا حصہ ہیں۔









