نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بدھ (20 اپریل 2022) کو ایک پریس کانفرنس میں بھارتیہ جنتا پارٹی پر بڑے الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں فسادات کروا رہی ہے۔ یہ بی جے پی ہی تھی جس نے روہنگیا کو آباد کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غنڈہ گردی کو بند کرنے کے لیے بی جے پی ہیڈ کوارٹر پر بلڈوزر چلانا چاہیے۔
جن ستا کی خبر کے مطابق دہلی کے ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کبھی بھی روزگار فراہم کرنے، مہنگائی کو کم کرنے کی بات کرتی نظر نہیں آتی۔ پارٹی صرف غنڈہ گردی کی بات کرتی نظر آتی ہے۔ بی جے پی کے کارکن اور لیڈر یا تو خود غنڈہ گردی کرتے ہیں یا پھر اسٹیج پر کھڑے ہو کر غنڈوں اور شر پسند عناصر کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں اس غنڈہ گردی کو روکنا ہے تو سیدھا طریقہ ہے کہ بی جے پی ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر چلایا جائے ۔
منیش سسودیا نے کہا کہ پارٹی کام کی بات نہیں کرتی، ملک کی اگلی نسل کے لیے روزگار کی بات نہیں کرتی۔ مہنگائی کم کرنے کے نام پر یہ ہاتھ کھڑے کر دیتے ہیں اور اسے بھگوان کا دیا ہوا بتاتے ہیں ۔ ہر طرف افرا تفری کا ماحول بنا رکھا ہے ۔ گزشتہ 8 سالوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں ہے۔ انہوں نے اسکولوں، اسپتالوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ صرف مار پیٹ ، لڑائی جھگڑے میں اضافہ کیا ہے ۔ ٹریکٹر – بلڈوزر سے لوگوں کو کچلنے ، ان کے گھر توڑنے کو بڑھا وا دیا ہے ۔ ملک میں اس وقت جو ماحول ہے اس کے لئے سیدھے طور پر بی جے پی پوری طرح ذمہ دار ہے ۔










