بیروت:حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں دو فوجی ہوائی اڈوں، ایک اڈے اور دھماکہ خیز موادتیار کرنے والی فیکٹری کو نشانہ بناتے ہوئے 6 میزائل حملے کیے ہیں۔
حزب اللہ کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ عفولہ شہر کے مغرب میں میگیدو عسکری ہوائی اڈے پر فادی ون اور فادی ٹو میزائلوں سے لگاتار تین بار بمباری کی گئی ہے۔
اس طرح لبنان کی سرحد سے 30 کلومیٹر دور واقع ہوائی اڈے کو پہلی بار حزب اللہ نے نشانہ بنایا۔
ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ رامات ڈیوڈ بیس اور ہوائی اڈے کو فادی 2 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، آموس بیس جو کہ اسرائیلی فوج کے شمالی علاقے میں نقل و حمل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والا مرکزی اڈہ ہے، کو فادی 1 میزائل سے نشانہ بنایا گیا، اور لبنان کی سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ظہرون کے علاقے میں ایک دھماکہ خیز مواد کی فیکٹری کو فادی 2 میزائلوں نے نشانہ بنایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی بہادر، باوقار مزاحمت کی حمایت اور لبنانی عوام کے دفاع کے لیے کیے گئے ہیں۔
دریاں اثنا ایران کے صدر نے کل کہا کہ اگر اسرائیل کے حملے نہیں روکے گئے تو خطے میں ایک وسیع تر جنگ شروع ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کل صبح سے لبنان کے جنوبی شہروں کے ساتھ ساتھ بقاع اور بعلبک کے علاقوں پر سیکڑوں فضائی حملے کر چکی ہے۔لبنان وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ان حملوں میں 558 افراد ہلاک اور 1,600 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ملک کے جنوبی علاقوں سے دارالحکومت بیروت اور شمال کی طرف نقل مکانی کی لہر جاری ہے۔
لبنان وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیم و تعلم کا سلسلہ منقطع ہونے کا اعلان کیا اور وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے جنوب میں اسکولوں کو اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے شہریوں کی پناہ کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
خبررساں ایجنسی IRNA کے مطابق حملوں کے کئی گھنٹے بعد، حزب اللہ نے راکٹوں کے بارے میں اضافی تفصیلات جاری کیں، جن میں ان کے لانچ کی دستاویزی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہیں۔حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فادی 1 220 ملی میٹر راکٹ ہے، جس کی لمبائی 6 میٹر ہے اور یہ 83 کلوگرام وار ہیڈ سے لیس ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی آپریشنل رینج 70 کلومیٹر تک ہے۔