سون بھدر :(ایجنسی)
الیکشن کیا کیا نہ کرادے ۔ لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، یہ بات یہاں یوں ہی نہیں کہی جاتی ۔ آپ نے کتنی ہی بار لیڈروں کو انتخابی مہم کے دوران اپنے علاقے کے لوگوں کے پاؤں چھوتے، عوام کے سامنے ہاتھ جوڑتے دیکھا ہوگا، لیکن یوپی کے ایک ایم ایل اے نے اس معاملے میں ایک الگ ہی لیول کو چھو لیا ہے۔
حال ہی میں بھری محفل میں کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کر کے معافی مانگنے کے بعد اب وہ ووٹروں کی تیل مالش کرتے نظر آرہے ہیں ۔ ان کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو رابرٹس گنج کے بی جے پی ایم ایل اے اور امیدوار بھوپیش چوبے کی ہے۔

ویڈیو میں وہ ایک بزرگ کو تیل کی مالش کر رہے ہیں، حالانکہ یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ ویڈیو کب کی ہے،مگر گزشتہ دنوں منچ پر اٹھک بیٹھک کے بعد اس نئی ویڈیو کو لے کر کافی بحث ہے ۔
سون بھدر میں ساتویں مرحلے میں 7 مارچ کو انتخابات ہو نے ہیں۔ پولنگ میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں، امیدوار تابڑ توڑ دورے کررہےہیں ۔ ناراض ووٹروں کو منانے کی کوشش جاری ہے تو ووٹروں کے دلوں میں جگہ بنانے کے لیے الگ الگ طرح کے ہتھکنڈے بھی اپنائے جارہے ہیں۔
اسی سلسلے میں بی جے پی امیدوار بھوپیش چوبے کا بی جے پی کے تری دیو سمیلن میں بھرے اسٹیج پر کان پکڑکر اٹھک بیٹھک کرتے ہوئے ایک ویڈیو سامنے آئی تھی۔ ناراضگی دور کرنے کے لیے انہوں نے کارکنوں کے سامنے افسوس کا اظہار کیا تھا۔
اب ایم ایل اے کی نئی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں وہ ایک گاؤں میں ایک بزرگ ووٹر کو دھوپ میں تیل سے مالش کر رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کب اور کس گاؤں کی ہے۔ بی جے پی سے وابستہ لوگ اس بارے میں کچھ بھی بولنے سے کترارہے ہیں۔

بھوپیش چوبے نامزدگی کے بعد سے مسلسل ننگے پاؤں چل رہے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں کامیابی تک اناج نہ لینا کا بھی سنکلپ لیاہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹر ان کے لیے بھگوان ہیں اس لیے وہ ان کے سامنے چپل میںنہیں جائیں گے ۔
بی جے پی کے بھوپیش چوبے سال 2017 میں رابرٹس گنج سیٹ سے ایس پی امیدوار اویناش کشواہا کو شکست دے کر ایم ایل اے بنے تھے۔ پارٹی نے اس بار پھر بھوپیش چوبے پر داؤ کھیلا ہے۔










