آسام میں گئورکشا کے نام پر لنچنگ کا ایک شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ شیو ساگر ضلع کے بامن پوکھوری چائے باغ علاقے میں نازو علی نامی ایک شخص کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ نیوز پورٹل سب رنگ انڈیا( sabrangindiaنے) آسام کے میڈیا کے حوالے سے یہ خبر دی ہے
شیوساگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شبھرجیوتی بورا نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ’’نازو علی نامی شخص کو لوگوں کے ایک گروپ نے گائے چوری کے شبہ میں مارا پیٹا۔ اس کے بعد اسے مقامی اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں اسے جے ساگر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ واقعہ 7 فروری کا ہے۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد حملہ کے الزام میں 14 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا، آسام ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، اس علاقے کے مقامی لوگوں نے 14 افراد کی گرفتاری پر نذیرا تھانے کے باہر احتجاج کیا، اور کہا کہ علی پر پہلے گائے چوری کا الزام تھا اور اسی الزام میں اسے ایک سے زیادہ مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔
گوہاٹی پلس کی رپورٹ کے مطابق ملزمان میں دیپک کرمی، منا کوار، شیو شنکر کاوار، نیتیش بوری، جتن روی داس پونیشور کرمی، شنکر کاوار، رمیش تنتی، منی روی داس، اجے سنگھ راجپوت، اوما سورا، بسنتی کماری، اشرف گڑھ اور دیپالی منڈا، شامل ہیں۔








