رامپور (آر کے بیورو)
سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محمد اعظم خاں کو عدالت سے بڑا جھٹکا لگا ہے ۔ یتیم خانہ معاملے کے دو مقدمات میں عدالت نے ان کے وکیل کی جانب سے داخل ڈسچارج درخواستوں کو خارج کر دیا ہے ۔ اب ان معاملات میں الزامات طے ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں 9 مارچ کو سبھی ملزمین کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے ۔ یتیم خانہ بستی خالی کرانے کے معاملے میں مارپیٹ اور لوٹ مار کا الزام عائد کرتے ہوئے چار مقدمات درج کرائے گئے تھے ۔ ان مقدمات میں اعظم خاں اور سی او آل حسن خاں کے علاوہ بڑی تعداد میں سماجوادی کارکنان کو ملزم بنایا گیا ہے ۔
دوسری جانب تھانہ گنج حلقہ کے ڈونگر پور معاملے میں سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محمد اعظم خاں کے خلاف الزامات طے کئے جانے نے کی کارروائی پر ان کے وکیل کی جانب سے ڈسچارج کی درخواست پر کئے گئے اعتراض پر جوابی اعتراض داخل کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کے لئے 11 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔
تھانہ گنج حلقہ کے ڈونگر پور علاقے میں بستی کو ناجائز قبضوں سے آزاد کرانے کے نام پر مارپیٹ ، لوٹ مار وغیرہ کے الزامات عائد کرتے ہوئے تھانہ گنج میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا ۔ اس معاملے میں 12 افراد نے الگ الگ مقدمات درج کرائے تھے ۔ جس میں اعظم خاں کو بھی ملزم بنایا گیا تھا ۔ اس معاملے کی چارج شیٹ پولیس کی جانب سے عدالت میں داخل کی جا چکی ہے ۔ اس معاملے کی سماعت ایم پی ۔ ایم ایل اے اسپیشل کورٹ میں چل رہی ہے ۔ اس کیس میں اب الزامات طے ہونا ہیں ، جس کے خلاف اعظم خاں کے وکیل نے ڈسچارج کی درخواست داخل کی تھی ۔ جس پر مدعی کی جانب سے اعتراض داخل کیا گیا اور اس پر بحث بھی ہو چکی ہے ۔ لیکن ایک بار پھر اعظم خاں کے وکیل کی جانب سے جوابی اعتراض داخل کیا گیا ہے ۔ جس پر شکایت کنندہ کے وکیل نے وقت مانگا ہے ۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت کے لئے 11 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ اس کے علاوہ یتیم خانہ معاملے میں بھی ایک اعتراض داخل کیا گیا ہے جس کی سماعت 14 مارچ کو ہوگی ۔










