شملہ (ایجنسی )وزیر اعظم نریندر مودی کے ہماچل پردیش کے دورے سے پہلے ایک نیا تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم مودی بدھ (5 اکتوبر 2022) کو منڈی کے ایک روزہ دورے پر ہوں گے۔ اس دوران وہ ایک ریلی بھی نکالیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں صحافیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی ایم مودی کی ریلی کی کوریج کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ لے کر آئیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کی کوریج کے لیے صحافیوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا جس پر تنازع شروع ہو گیا ہے۔وزیراعظم کی یہ ریلی 24 ستمبر کو ہونی تھی لیکن خراب موسم کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا اور اب کل وزیراعظم یہاں جلسہ کرنے جارہے ہیں
۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کی کوریج کے لیے صحافیوں کو بھی کریکٹر ویری فکیشن کے لیے سرٹیفکیٹ لانا ہوگا۔ یہ دکھائے بغیر انہیں پی ایم مودی کی ریلی کو کور کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ نوٹیفکیشن نہ صرف نجی پرنٹ، ڈیجیٹل اور ٹی وی میڈیا کے لیے جاری کیا گیا ہے بلکہ آل انڈیا روڈیو اور دوردرشن سمیت سرکاری میڈیا تنظیموں کے لیے بھی جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں ضلع پبلک ریلیشن آفیسر سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام پریس نامہ نگاروں، فوٹوگرافروں، ویڈیو گرافروں اور دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو کی ٹیموں کی فہرست کریکٹر سرٹیفکیٹ کے ساتھ دیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کریکٹر سرٹیفکیٹ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سی آئی ڈی، بلاسپور کے دفتر سے دیا جائے گا۔








