اہم یورپی ملک ناروے نے بھی فلسطین کو بطور ریاست باقاعدہ تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس امر کا اظہار ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نے بدھ کے روز کیا ہے۔
وزیر اعظم ناروے نے اس سلسلے میں دو ٹوک کہا ‘ اگر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہو سکتا۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ناروے 28 مئی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے۔’
واضح رہے یورپی یونین کے کئی رکن ممالک نے بھی حالیہ چند ہفتوں میں اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یورپی ممالک میں یہ رائے پختہ ہو رہی ہے کہ ‘ مشرق وسطی میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ضروری ہے۔’
ناروے یورپی یونین کا رکن لیکن فلسطین کے امور سے گہرا تعلق رکھتا ہے ۔وہ اوسلو معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کو اپنے شعوری ذمہ داری سمجھتا ہے۔









