بی جے پی کی آر ایل ڈی کے ایک لیڈر نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈروں کے اعتراضات کے بعد شاعرہ شبینہ ادیب میرٹھ میں ہونے والے ایک مشاعرہ میں شرکت نہیں کر سکیں۔ شبینہ ادیب نے ہفتہ کو میرٹھ میں نوچندی میلے میں منعقدہ سالانہ آل انڈیا مشاعرہ میں شرکت کرنا تھی۔
سابق وزیر اور بی جے پی کی حلیف راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے جنرل سکریٹری معراج الدین احمد، جو اس تقریب کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ہیں، نے کہا، ‘ایک سازش کے تحت شبینہ ادیب کی شاعری کا ایک پرانا ویڈیو وائرل کیا گیا۔ انہیں اس بہانے تقریب میں پرفارم کرنے سے روک دیا گیا جو کہ بہت برا ہے۔
*شبینہ کا کلام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اچھا نہیں ہیں
ان کا کہنا تھا کہ ‘بعد میں شبینہ ادیب بھی راضی ہوگئیں اور یہ کہہ کر پرفارم کرنے نہیں آئیں کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔’
ادھربی جے پی کے شہر صدر سریش جین نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے اندیشہ سے ان کی شرکت پر اعتراض کیا۔
انہوں نے کہا، ‘شبینہ ادیب کے سنائے گئے اشعار فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اچھے نہیں ہیں۔ یہ تناؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ جب ہمیں اس کا علم ہوا تو ہم نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ انہیں یہاں پرفارم کرنے کے لیے نہ بلایا جائے۔
احمد نے کہا کہ جس نظم پر بی جے پی لیڈر اعتراض کر رہے ہیں وہ 20 سال پہلے پڑھی گئی تھی۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شبینہ ادیب کو پروگرام میں شرکت سے روکنے کے پیچھے جن شاعروں کو پرفارم کرنے کے لیے مدعو نہیں کیا گیا تھا، وہ بھی ہو سکتے ہیں۔










