ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "اس وقت ہمیں پیغمبرِ آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ کی رہبری کی ہمیشہ سے کہیں زیادہ ضرورت ہے”۔
صدر ایردوان نے محکمہ مذہبی امور کی طرف سے استنبول میں منعقدہ "ہفتہ میلادِ النبی” کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں قلبی جغرافیے کے تمام بہن بھائیوں کو سلام بھیجا اور کہا ہے کہ "میں فلسطین کی دلیر اولاد، غزّہ کی مظلوم اور دلگیر اولاد کو اپنی اور اپنے ملک کی طرف سے دِلی سلام اور محبت پیش کرتا ہوں”۔
انہوں نے کہا ہے کہ "میری دعا ہے کہ یہ خوبصورت رات فلسطین کے مظلوموں سمیت دنیا کے مختلف گوشوں میں ظلم کا سامنا کرنے والے تمام انسانوں کے لئے وسیلہ نجات بنے”۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "یہ دور جس سے ہم گزر رہے ہیں اس میں ایک اسلامی طرزِ حیات اور طرزِ فکر کا مالک ہونا دشوار ہو گیا ہے۔ اس دور کی ضرورت ہے کہ بدل ادا کیا جائے اور پہلے سے کہیں زیادہ جدوجہد کی جائے ۔ اس وقت ہمیں اپنے راستے کو روشن کرنے کے لئےپیغمبر آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ کی رہبری و ہدایت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے”۔واضح رہے کہ کل رات میلاد النبی کی رات تھی۔ ترکیہ بھر میں اس رات کو عبادات اور خصوصی دعاوں سے منایا گیا۔
ترکیہ محکمہ مذہبی امور ، ہر سال عید میلاد النبی کی مناسبت سے ہفتہ بھر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک متعدد تقریبات کا اہتمام کرتا ہے۔ اس ہفتے میں سیرت النبی کے موضوع پر تصنیف کی گئی کتابوں کی رونمائی کی جاتی ہے اور سیمینار کئے جاتے ہیں۔