دہلی: انڈیا کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں چار ریاستوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس میں دو بڑی ریاستوں راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو تازہ رجحانات کے مطابق واضح سبقت حاصل ہے۔تیلنگانہ جیسی نئی ریاست میں کانگریس واضح اکثریت حاصل کرتی نظر آ رہی ہے جبکہ چھتیس گڑھ ریاست میں بھی بی جے پی کو کانگریس پر سبقت حاصل ہو ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شوراج سنگھ چوہان نے رجحانات میں واضح سبقت پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی کی اعلی قیادت کی تعریف کی۔ای سی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق وسطی ریاست مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات آنا شروع ہو گئے ہیں اور ان میں سے 165 نشستوں پر حکمراں جماعت بی جے پی کو سبقت حاصل ہے۔ سادہ اکثریت کے لیے کسی بھی جماعت کو 116 سیٹیں ہی درکار ہیں۔ کانگریس پارٹی 63 سیٹوں پر آگے ہے۔ وہیں دوسری طرف مغربی ریاست راجستھان میں حکمراں جماعت کانگریس پارٹی کو ہزیمت کا سامنا ہے۔ بی جے پی کو وہاں 200 رکنی اسمبلی میں 115 پر سبقت حاصل ہے جبکہ کانگریس پارٹی کے نمائندے 70 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں۔تیلنگانہ کی 119 رکنی اسمبلی میں کانگریس کو 67 سیٹوں پر سبقت ہے جبکہ مقامی پارٹی بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کو 36 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔ بی جے پی وہاں نو سیٹوں پر سبقت رکھتی ہے۔








