بلیا :(ایجنسی)
یوپی اسمبلی انتخابات کی سیاسی ہلچل اب پوروانچل میں دستک دے چکی ہے۔ اتوار کو وزیر داخلہ امت شاہ نے بلیا میں بی جے پی کی جانب سے مورچہ سنبھالا۔ وہ انتخابی مہم کے لیے آئے تو جلسہ عام میں مخالفین پر خوب حملہ آور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے چار مرحلوں میں سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کا صفایا ہو گیا ہے۔ بی جے پی نے پولنگ کے چار مرحلوں میں 300 سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ ریاست میں حکومت سازی کا راستہ صاف کرلیا ہے۔ پانچویں، چھٹے اور ساتویں مرحلے میں پوروانچل کے لوگوں کو اس پر بہت بڑی عمارت بنانے کا کام کرنا ہے۔
پھپنا اور بانس ڈیہہ میں منعقد جلسہ عام میں امت شاہ نے کہا کہ جہاں ایس پی-بی ایس پی نے صرف اپنے فائدے کے لیے طاقت کا غلط استعمال کیا، وہیں بی جے پی نے ریاست کے غریبوں، کسانوں اور محروم طبقات کے لیے دن رات کام کیا۔ اتر پردیش کے لوگوں نے ایک بار پھر بی جے پی کو خدمت کا موقع دینے کا ارادہ کرلیا ہے۔ بی جے پی امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن پر شدید حملہ بولا۔
شاہ نے کہا… تو ہماری قسمت میں کام کرنے کا موقع نہیں آتا
امت شاہ نے کہا کہ پہلے یوپی میں صرف مافیا کا راج تھا۔ وزیر داخلہ نے عوام سے سوال کیا کہ مختار انصاری، عتیق احمد، اعظم خان آج کہاں ہیں؟ اس پر عوام نے کہا کہ وہ جیل میں ہیں۔ یوگی حکومت کے لاء اینڈ آرڈر کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یوگی جی نے کروڑوں روپے کی زمین کو مافیا سے آزاد کرانے کا کام کیا ہے۔
جبکہ سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں یوپی ڈکیتی، لوٹ، قتل، عصمت دری میں پہلے نمبر پر تھا۔ بی جے پی حکومت نے پورے یوپی سے مافیا کا راج ختم کرکے امن و امان قائم کرنے کا کام کیا ہے۔ یہ کام ہاتھی بھی نہیں کر سکتا، سائیکل بھی نہیں کر سکتی۔
امت شاہ نے کہا کہ کانگریس 70 کی دہائی میں ‘’غریبی ہٹاؤ‘ کہتی تھی۔ ایس پی-بی ایس پی خود کو غریبوں کی پارٹی کہتی ہیں۔ اگر غریبوں کے لیے کچھ کیا ہوتا تو ہماری قسمت میں کام کرنے کاموقع نہیں آتا ۔










