آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش اور گیلے میدان کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے اور اس طرح پاکستان کی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ امریکہ نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
بارش کی وجہ سے کھیل نہیں ہوا اوردونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے بعد گروپ اے میں امریکہ کی ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان اپنے گروپ کا آئرلینڈ کے خلاف 16 جون کو ہونے والا آخری میچ کھیلنے سے پہلے ہی ورلڈکپ سے باہر ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ایونٹ میں رہنے کے لیے پہلے تو آئرلینڈ اور امریکہ کا میچ ہونا ضروری تھا اور اگر میچ ہوتا تو اس میں امریکہ کی شکست بھی ضروری تھی۔
پاکستان کے ساتھ آئرلینڈ بھی باضابطہ طور پر ورلڈکپ مقابلوں سے باہر ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکہ کے خلاف کھیلا تھا اور اس نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مختلف صارفین نے اس تبصرے اور میمز شیئر کرنا شروع کر دی اور صارفین جہاں پاکستانی ٹیم کی بری کارکردگی کو کوس رہے ہیں وہیں ’قدرت کے نظام‘ کا ساتھ بھی نہ ملنا زیر بحث ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ ’بلاآخر قدرت کا نظام بھی بارش کی وجہ
سے ختم ہو گیا۔
گروپ اے کے تین میچز میں میزبان امریکہ کے علاوہ پاکستان، آئر لینڈ اور کینیڈا تینوں ٹیموں کے پاس یہ موقع تھا کہ وہ انڈیا کے ہمراہ سپر ایٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کر سکیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلے ہی میچ سے ٹیم پاکستان نے ایسا کھیل کھیلا کہ ہر طرف سے اس پر طنز کے تیر برستے رہے۔
پہلے میچ میں امریکا نے ہرایا، ڈیلس میں جہاں دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک کی دعوی دار ٹیم 159 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
شاہین ہوں، شاداب یا حارث حریف بیٹرز نے خوب مار لگائی، ٹائی میچ کا سپر اوور بہت تجربہ کار بولر محمد عامر سے کروایا گیا، جو گیند کو کنٹرول ہی نہ کر پائے، ایک دو نہیں 3 وائیڈ گیندیں کیں اور 18 رنز دیے۔
پھر افتخار، شاداب اس ہدف کو نہ پا سکے، فخر دوسرے اینڈ پر تماشا دیکھتے رہ گئے، اوور مکمل ہوا امریکیوں کا جشن شروع ہوگیا۔
دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کے بولرز چلے تو بلے باز ایکسپوز ہو گئے، کیا بابر، کیا فخر، عثمان، عماد، شاداب کسی کی نہ چلی، 120 رنز کا ہدف بھی پار نہ لگا سکے۔
میچ میں نام نہاد آل راؤنڈر بھی نام کے ہی ثابت ہوئے، ٹیم 113 رنز بنا سکے اور اس مقام پر پہنچی جہاں آگے کنواں پیچھے کھائی۔
کینیڈا کے خلاف جیت بھی بے معنی سی ہو کر رہ گئی، کہنے والے کہیں گے کہ موسم آڑے آ گیا، لیکن حقیقت میں تو بارش نے پلیئرز کے لاپرواہی اور غفلت نے ٹیم پاکستان کو کھائی میں دھکیل دیا۔









