ڈھاکہ:بنگلہ دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سیاسی پناہ دینے پر بھارت کو نشانہ بنایا ہے۔
بی بی سی ہندی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری مرزا فخر عالمگیر نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو پناہ دے کر بھارت جمہوریت سے وابستگی کے اپنے وعدے سے مکر گیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’بنگلہ دیش میں انقلاب کو کچلنے کے لیے بھارت سے بہت سے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ نے ملک میں جو تباہی مچائی ہے اس کے سدباب میں کچھ وقت لگے گا۔ اس کے لیے ان کی پارٹی عبوری حکومت کو کافی وقت دے گی۔
بنگلہ دیش میں ریزرویشن کے خلاف طلباء کے احتجاج اور تشدد کے درمیان شیخ حسینہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ہندوستان آگئیں اور تب سے وہ یہاں ہیں۔ دریں اثنا، بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے بنگلہ دیش میں ریزرویشن مخالف تحریک سے متعلق معاملات میں شیخ حسینہ سمیت نو افراد کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
سبھی پر قتل، نسل کشی اور تشدد کے الزامات ہیں۔ ایک طالب علم کے والد نے یہ عرضی بدھ کو ریزرویشن مخالف تحریک کے دوران داخل کی تھی۔عبوری حکومت کے مشیر برائے قانون، انصاف اور پارلیمانی امور پروفیسر آصف نذر نے بدھ کے روز کہا کہ ملزمان کے خلاف بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل میں مقدمہ چلایا جائے گا۔