رتلام: رام للا کو 22 جنوری کو ایودھیا میں ان کے مندر میں بٹھایا جائے گا۔ رام للا کے پران پرتشٹھا کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اسی دوران پوری کے شنکراچاریہ سوامی نشچلانند نے بڑا بیان دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رام مندر کے پران پرتشٹھا کے پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے۔ شنکراچاریہ نشچلانند نےپی ایم مودی پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھگوان کی مورتی کو اسپرش کریں اور میں وہاں کھڑا ہو کر تالیاں بجاؤں! یہ تو مریادا کے خلاف ہے۔ شنکراچاریہ دو روزہ مذہبی پروگرام میں شرکت کے لیے رتلام پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ پران پرتیشٹھا پروگرام میں حصہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عہدے کے وقار کا خیال رکھتے ہیں، اس لیے انہوں نے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شنکراچاریہ نے کہا کہ پی ایم مودی کا رام للا کی مورتی کو اسپرش کرنا ہی مریادا کے خلاف ہے۔ ایسی حالت میں وہ مریادا پرشوتم کے وقار کی خلاف ورزی کے گواہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر میں مورتی کی پران پرتشٹھا شاستروں کے مطابق ہونی چاہئے۔
شنکراچاریہ نشچلانند نے بتایا کہ انہیں دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اس پر لکھا ہے کہ وہ صرف ایک شخص کے ساتھ پروگرام میں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں تقریب میں نہیں جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر پر جس طرح کی سیاست کی جا رہی ہے وہ نہیں ہونی چاہئے۔ اس وقت سیاست میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے۔ نشچلانند نے مذہبی مقامات پر بنائے جانے والے کوریڈور پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج مذہبی مقامات کو سیاحتی مقام بنایا جا رہا ہے۔ اس طرح ان میں عیش و عشرت کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں جو درست نہیں۔(سورس اے بی پی نیوز)









