ممبئی :(ایجنسی)
ممبئی پولیس نے بدھ کو کہا کہ شیو سینا کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت اور این سی پی لیڈر ایکناتھ کھڈسے کے فون ٹیپ کیے گئے تھے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ان لیڈروں کو سماج دشمن عناصر سمجھ کر ان کے فون ٹیپ کیے گئے تھے۔
پولیس نے کہا کہ فون کال کو محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نے انٹر سپیٹ کرنے کی اجازت دی تھی اور ریاستی انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ نے ان کے ساتھ سماج دشمن عناصر کی فہرست میں مزید کئی نام ڈالے تھے۔
اے این آئی کے مطابق ممبئی پولیس نے کہا کہ ایکناتھ کھڈسے کا فون 67 دن تک ٹیپ کیا گیا جبکہ سنجے راوت کا فون 60 دن تک ٹیپ کیا گیا۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کی سابق کمشنر رشمی شکلا نے ان کے ساتھ سماج دشمن عناصر کا سلوک کرکے ان کی رازداری کی خلاف ورزی کی ہے۔ فون ٹیپنگ کے معاملے میں مہاراشٹر میں کافی ہنگامہ ہوا ہے۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور رشمی شکلا سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔










