غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے ایک شخص کے تمام پوتی اور پوتے شہید ہوگئے، فلسطینی شخص کی دہائی دینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے
غزہ میں پوتے پوتی کی تدفین پر بوڑھے دادا کی دہائی دینے کی ویڈیو سامنے آگئی۔شہید بچوں کا دادا اپنے پوتی پوتوں کی میتوں سے مخاطب ہو کر یہ کہتا رہا کہ اے میرے بچو جب رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے تمہاری ملاقات ہو تو انہیں یہ ضرور بتانا کہ جب غزہ کے فلسطینی مسلمانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کیا جا رہا تھا تو آپ کی امت خاموشی سے ہمارا تماشا دیکھتی رہی۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی بمباری میں شہید بچوں کی تعداد 4 ہزار 506 ہوگئی۔وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ پٹی کے 135طبی مراکز اور 21 اسپتال ناقابل استعمال ہوگئے۔
دریں اثنا سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی۔افریقہ سربراہی اجلاس کا آغاز ہوگیا۔ ریاض سے عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی وحشیانہ جارحیت کی پرزور مذمت کرتا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جبری بےدخلی اور اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنا ہوگا۔








