گیا:بہار پولیس نے گیا کے دیہا گاؤں میں بدھ کی رات ایک مسلم نوجوان کی موت اور دو دیگر مسلم نوجوانوں کے لنچنگ کیس میں زخمی ہونے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔جبکہ مسلم نوجوانوں کے اہل خانہ نے اسے "ٹارگٹ کلنگ” اور "موب لنچنگ” قرار دیا ہے، پولیس نے کہا کہ ان کی تحقیقات میں کوئی مسلم مخالف زاویہ نہیں ملا ہے۔
گیا کے دیہا گاؤں میں محمد بابر (28)، رکن الدین عالم (32) اور محمد ساجد (28) کو چوری کے شبہ میں ہجوم نے زدوکوب کیا۔ بابر ایک دن بعد 23 فروری کو انتقال کر گیا۔ دیگر دو شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں پی ایم سی ایچ پٹنہ منتقل کر دیا گیا ہے۔تینوں ڈیہا سے چھ کلومیٹر دور کریسرائی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔
جمعرات کو مقامی لیڈروں اور مقتولین کے رشتہ داروں نے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے بیلا گنج میں گیا-پٹنہ روڈ کو گھنٹوں تک بلاک کر دیا۔ پولیس کی طرف سے ایس آئی ٹی کے اعلان کے بعد ناکہ بندی ہٹا دی گئی تھی۔
مظاہرین نے بابر کے خاندان کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضہ اور سرکاری نوکری کا مطالبہ بھی کیا۔ اطلاعات کے مطابق سی پی آئی (ایم ایل) کے مقامی قائدین احتجاج میں سرگرم تھے۔پولیس نے جمعہ کو دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔
پہلا مقدمہ بابر اور زخمی نوجوانوں کے خلاف مبینہ چوری اور آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت ہے اور دوسرا صابر علی کی شکایت پر 17 نامزد اور 25 نامعلوم افراد کے خلاف ہے۔
ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے،متاثرین نے کہا ہے کہ تینوں کولکتہ میں ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے اور مزدوروں کو بھرتی کرنے کے لیے دیہا گاؤں گئے تھے۔ ساجد کے والد صابر علی نے اخبار کو بتایا، "وہ گاؤں نہیں آئے تھے، بلکہ رفع حاجت کو جا رہے تھے اور تمباکو چبا رہے تھے، جب ڈیہا گاؤں کے کچھ لوگوں نے انھیں پکڑ لیا اور بے رحمی سے مارا،”








