نئی دہلی 17 اگست 2024 جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے وزیر داخلہ حکومت ہند امت شاہ اور مہاراشٹرا کے وزیر اعلی یک ناتھ شندے کو خط لکھ کر احمد نگر کے رام گری مہاراج کے ذریعہ حضرت محمد ﷺ کے خلاف دیے گئے قابل اعتراض اور اشتعال انگیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور مذکورہ شخص کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں کیوں کہ کوئی بھی مسلمان اپنے پیغمبر کی ادنیٰ توہین بھی قبول نہیں کرسکتا۔
یہ امر حیرت کا باعث ہے کہ مذکورہ شخص اپنے ملعون کردار پر مصر ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس نے ایک منظم منصوبے کے تحت ملک کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کو چیلنج کیا ہے۔
مولانا مدنی نے مطالبہ کیا ہے کہ خاطی کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکیں اور ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔مکتوب میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اگر اس معاملے پر فوری اور سخت کارروائی نہیں کی گئی تو اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو کہ کسی بھی صورت میں ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔