سپریم کورٹ نے 25 اپریل کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے پہلوانوں کی درخواست پر دہلی پولیس اور حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ ونیش پھوگاٹ سمیت سات خواتین پہلوانوں نے پیر کو سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی۔ اس میں برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
منگل یعنی آج سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور پی ایس نرسمہن کی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے بنچ نے ایف آئی آر درج کرنے کے کھلاڑیوں کے مطالبے پر دہلی پولیس اور دہلی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 28 اپریل کو عدالت میں ہوگی۔
واضح رہے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے پہلوان ونیش پھوگاٹ اور دیگر نے دہلی پولس کو ایف آئی آر درج کرنے اور ہدایت دینے کے مطالبے کے سلسلے میں کل سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔
درخواست کے مطابق پھوگاٹ اور دیگر پہلوانوں نے دہلی پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج کرنے میں "غیر معمولی تاخیر” کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو ہدایت دینے کی درخواست کی تھی







