بنگلورو:کرناٹک کی سرکار ایکشن میں آگئی ہے اور لا اینڈ آرڈر کوبہتر رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ڈھلے کل پرزے چست کرنا شروع کردیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سدارمیا نے منگل کے روز اسمبلی میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کی ۔انہوں نے پولیس کو سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹ کے خلاف سخت کارروائی شروع کرنے کی واضح ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انھیں سماج میں امن بنائے رکھنے کے لیے زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے دہرایا کہ سماج میں امن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جانی چاہیے۔ پولیس کو ڈرگس کے خطرات کو بھی روکنا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ سدارمیا نے سینئر افسران کو پولیس تھانوں کا دورہ کرنے اور وہاں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ شکایت کرنے آتے ہیں، انھیں ملزم نہیں تصور کیا جانا چاہیے اور پولیس افسران کو ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنا چاہیے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسائل کا فوری حل تلاش کیا جائے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت ریاست میں غنڈہ گردی، غلط سرگرمیوں اور ڈرگس مافیا کو برداشت نہیں کرے گی۔ اگر انھیں فروغ دیا جاتا ہے تو افسران کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ ہم اچھے ملازمین کی تعریف کریں گے اور فرائض کی انجام دہی میں لاپروائی ہوگی تو ہم بغیر کسی جھجک کے کارروائی شروع کر دیں گے