احمد آباد (ایجنسی )
راؤ پورہ علاقہ میں ایک معمولی سڑک حادثہ فرقہ وارانہ تصادم کی وجہ بن گیا۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کے بعد اتوار کی رات دیر گئے کچھ لوگوں نے پتھراؤ کیا، ایک مزار میں توڑ پھوڑ کی اور کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ کریلی باغ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار کے مطابق راؤ پورہ علاقے میں دو برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے دو پہیہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ایک برادری کے لوگ رات گئے نماز پڑھ کر واپس آرہے تھے۔ ان میں سے کچھ لوگ اسکوٹر اور بائک پر تھے۔ ان نوجوانوں میں سے ایک کی دو پہیہ گاڑی دوسری برادری کے ٹو وہیلر سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد کچھ لوگوں نے نمازیوں کو مارا۔ کچھ دیر بعد ہجوم نے دوسری برادری پر دوبارہ حملہ کر دیا۔
ستیہ ہندی کی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہجوم نے سڑک کے کنارے مندر میں مورتی، دو آٹو رکشا اور کئی دو پہیہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ وڈودرا شہر کے پولیس کمشنر شمشیر سنگھ نے بتایا کہ تین افراد زخمی ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس شہر میں گشت کر رہی ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں اب تک 19 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ڈی سی پی (زون 4)، پنا مومایا نے کہا، پولیس نے علاقے میں پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ ہم نے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا۔ حکام نے بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور حالات اب قابو میں ہیں۔
یہ واقعہ چار ریاستوں میں تشدد کے واقعات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں حالیہ رام نومی کی تقریبات کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی۔ گجرات کے دو شہروں کھمبھاٹ اور ہمت نگر میں دو برادریوں کے درمیان فرقہ وارانہ تصادم کی اطلاع ملی تھی۔ کھمبھاٹ میں فرقہ وارانہ تصادم میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔










