بنگلور و :(ایجنسی)
کرناٹک حکومت میں وزیر رہ چکے اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ایس ایشورپا اپنے ایک بیان کی وجہ سے پھر سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ دراصل، اس سال فروری میں کے ایس ایشورپا نے کہا تھا کہ ایک دن آئے گا جب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا جھنڈا قومی پرچم بن جائے گا۔ تین ماہ کے بعد اب انہوںنے دوبارہ وہی بات دہرائی ہے۔ اس کے بعد سے کرناٹک میں سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھگوا ہی قومی پرچم بنے گا، اس میں کوئی شک نہیں۔ بتا دیں کہ کے ایس ایشورپا نے یہ بیان 29 مئی کو دیا تھا۔ کے ایس ایشورپا نے کہا، ’بھگوا کےتئیں احترام نہ توکل سے ہے اور نہ آج سے ہے۔ ہزاروں سال پہلے سے اس کا احترام کیا جاتا رہا ہے۔ بھگوا پرچم قربانی کی علامت ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آر ایس ایس کا جھنڈا ایک دن قومی پرچم بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے کو لانے کے لیے آر ایس ایس بھگوا جھنڈا سامنے رکھ کر پوجا کی کرتی ہے۔ آئین کے مطابق ترنگا قومی پرچم ہے اور ہم انہیں احترام دیتے ہیں جو ترنگے کو ملنا چاہیے۔









