نئی دہلی: پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے منگل کو سینئر کشمیری علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کو دہشت گردی کی فنڈنگ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں رہا کرنے کا حکم دیا۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج، دھیرج مور نے یہ نوٹ کرنے کے بعد شاہ کی رہائی کا حکم دیا کہ وہ منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (PMLA) کی دفعہ 3 کے تحت جرم کے لیے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ سات سال کی سزا بھگت چکے ہیں۔جج نے نوٹ کیا کہ شاہ سات سال سے زائد عرصے سے مسلسل حراست میں ہیں اور اس لیے انہیں رہا کیا جانا چاہیے۔
شبیر شاہ 14 جون 1953 کو اننت ناگ کے کڈی پورہ علاقے میں پیدا ہوئے۔ وہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے بانی اور صدر ہیں جو جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے طویل عرصہ سے جدوجہد کررہے ہیں ۔انہیں 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ زیر حراست ہیں۔وہ کشمیر کے سب سے نمایاں علیحدگی پسند رہنماؤں میں سے ایک ہیں حالانکہ ان کو ذاتی طور پر بندوق اٹھانے کے لیے نہیں جانا جاتا ہے۔(سورس:آئی اے این ایس)