سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ کی پٹی میں جنگ کو فوری طور پر روکنے، غزہ کی پٹی میں فلسطینی بھائیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم کا سلسلہ بند کرنے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے حج کے لیے آئے اہم عالمی رنماؤں کے استقبالیہ پروگرام سےخطاب میں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے پوری مسلم امہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین اور غزہ کا مسئلہ فوری حل طلب مسئلہ ہے۔ ہم غزہ میں انسانی جانوں کا ضیاع روکنے اور قتل عام روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی تجویز کے حوالے سے جاری کردہ حالیہ قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
خادم حرمین شریفین کی نیابت میں عالم اسلام کی سرکردہ شخصیات سے خطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت، زائرین کی دیکھ بھال کرنے اور ان کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کا اعزاز بخشا ہے‘۔









