پٹنہ:بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنتا دل یونائیٹڈ 2024 میں ختم ہو جائے گی۔
نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "کھیل ابھی شروع ہوا ہے، کھیل ابھی باقی ہے۔ میں جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں، آپ لکھ لیں، جنتا دل یونائیٹڈ 2024 میں ختم ہو جائے گی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ 17 ماہ تک اقتدار میں رہے۔ اس دوران تاریخی کام کیا گیا۔ بی جے پی اور جے ڈی یو کی حکومت 17 سال تک اقتدار میں رہی۔ لیکن صرف ایک محکمے یعنی محکمہ تعلیم میں 17 ماہ میں اتنی نوکریاں دی گئیں کہ یہ ایک عالمی ریکارڈ بن گیا۔
ہمارے پاس محکمہ تعلیم تھا۔ صرف 70 دنوں میں ہم نے دو لاکھ سے زائد اساتذہ کو نوکریاں دیں۔ ایسا کسی ریاست میں نہیں ہوا۔گورنر نے 26 جنوری کو اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے اس عرصے میں ساڑھے تین لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ رہ کر وہ یہ کام ڈبل انجن والی حکومت میں بھی نہیں کر سکے، جو ہم نے کیا۔نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تھکے ہوئے وزیر اعلیٰ ہیں لیکن ہم نے ان کے ذریعے اتنا کام کرایا کہ ایک ریکارڈ بن گیا۔انہوں نے تعلیمی نظام میں بہتری، ہسپتالوں میں بہتری اور روزگار کی فراہمی کو اپنی اہم کامیابیاں قرار دیا۔ہم ٹورازم پالیسی لائے۔ آئی ٹی پالیسی بنائی۔ کھیلوں کی پالیسی لے کر آئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کابینہ کی دو میٹنگوں کی وجہ سے محکمہ صحت میں ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کی فائلیں روک دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر نہ غصہ ہے نہ ناراضگی۔ہم نے اتحادی دھرم کی پیروی کی ہے۔ ہمیں عوام پر اعتماد ہے۔









