اسرائیلی فلم ساز اور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کے جیوری کے سربراہ ناداو لاپڈ نے وویک اگنی ہوتری کی فلم نیشنل ایوارڈ یافتہ کشمیر فائلس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک شرمناک پروپیگنڈا اور فحش فلم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں فلم کی نمائش سے جیوری "پریشان اور حیران” تھی۔
کشمیر فائلس کو انڈین پینوراما سیکشن کے لیے منتخب کیا گیا اور 22 نومبر کو اس کی اسکریننگ کی گئی۔ خصوصی اسکریننگ میں انوپم کھیر نے بھی شرکت کی، جو فلم کے اہم اداکار ہیں۔لاپڈ نے کہا کہ کشمیر فائلس فلم ہم سب کے لیے پریشان کن اور چونکا دینے والی تھی، یہ ہمیں ایک پروپیگنڈا، فحش فلم لگ رہی تھی، ۔ ممتاز فلمی میلے کے ایک فنی، مسابقتی حصے کے لیے غیر مناسب ہے
دراصل، حکومت ہند انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کا اہتمام کرتی ہے۔ اس سال کی IFFI جیوری کی سربراہی اسرائیلی فلم ساز ناداو لاپڈ کر رہے تھے۔ لاپڈ نے یہ بات کشمیر فائلس پر تقریب کی اختتامی تقریب میں کہی، جب حکومت ہند کے وزراء بھی وہاں موجود تھے۔
دی کشمیر فائلس کے ہدایت کار وویک رنجن اگنی ہوتری ہیں۔ 11 مارچ کو سینما ہالوں میں ریلیز ہونے والی یہ فلم 1990 میں وادی سے کشمیری پنڈتوں کے قتل اور ان کی نقل مکانی کے گرد گھومتی ہے۔ جب کہ یہ فلم ہندوستان میں ہٹ رہی تھی، لیکن اس کے پروپیگنڈہ لہجے کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
بہرحال یہ کہا جاسکتا ہے کہ 53 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا کا اختتام اسرائیلی ہدایت کار ناداو لاپڈ کی حیران کن تقریر کے ساتھ ہوا، جنھوں نے ہندی زبان کی متنازع فلم دی کشمیر فائلس کو مقابلے میں شامل کرنے پر فیسٹیول پر تنقید کی۔