نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں سے کہا ہے کہ وہ نریندر مودی حکومت کی ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ’ (بی بی بی پی) اسکیم کا لوگو اپنے کیمپس میں اور اپنی ویب سائٹس اور اسٹیشنری سامان پر بھی لگائیں۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کی اپیل کے بعد، یو جی سی نے تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور تمام کالجوں کے پرنسپل کو لڑکیوں کو اہمیت دینے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بی بی بی پی لوگو کا استعمال کرنے کے لیے لکھا ہے۔
واضح ہو کہ یہ وزارت صنفی امتیاز کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے اس اسکیم کو چلاتی ہے۔یو جی سی کے سکریٹری منیش جوشی کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت نے بچیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور بیٹی بچاؤ اسکیم کا لوگو اور ٹیگ لائن بھیجی ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے کیمپس، ویب سائٹ، پورٹل، اسٹیشنری کے سامان، پروگرامز اور نمایاں جگہوں پر مذکورہ لوگو استعمال کریں۔
کریں۔
بیٹی بچاؤ یوجنا کے لوگو والے حالیہ حکم نامے کو لے کر دو ماہرین تعلیم نے یو جی سی کی تنقید کی ہے۔ وہیں، وزارت تعلیم کے ایک افسر نے یو جی سی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے کے لیے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔
دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کی اکیڈمک کونسل (اے سی) کی رکن مایا جان نے یو جی سی کے خط کو حکومت کے لیے سیاسی پروپیگنڈہ کرنے کا فرمان بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے ادارے کی توجہ تدریس اور تحقیق جیسے اہم شعبوں سے ہٹ جاتی ہے۔انہوں نے کہا، ‘یہ ایک پیٹرن بن گیا ہے کہ حکومت اور یو جی سی باقاعدگی سے تعلیمی اداروں سے جی-20 اور صفائی مہم جیسی سرگرمیاں کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ یہ سراسر سیاسی پروپیگنڈہ ہے۔ تعلیمی اداروں کی خود مختاری میں مداخلت کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اس عمل میں اداروں کو نقصان ہوتا ہے کیونکہ ان کی توجہ پروگرام پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ ترجیحات تدریس اور تحقیق سے غیر تعلیمی سرگرمیوں میں بدل جاتی ہیں۔ سب سے بری چیز تعمیل کی توقع ہے۔









