نئی دہلی: ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال نے منگل کو کہا کہ ہندوستان میں کسی مذہب کو خطرہ نہیں ہے۔ ہمارے ملک میں تمام مذاہب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ہندوستان ثقافتوں اور مذاہب کا مرکب رہا ہے جو صدیوں سے ہم آہنگی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ ڈووال دہلی میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
این ایس اے اجیت ڈووال نے کہا ’’ملک میں مذہبی گروہوں میں اسلام کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ہندوستان تمام مسائل کے حل کے لیے رواداری، بات چیت اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ یہ جمہوریت کی ماں ہے اور اس کے علاوہ تنوع کی سرزمین بھی ہے۔‘‘
اجیت ڈووال نے کہا "ہندوستان دنیا کی دوسری اور سب سے بڑی مسلم آبادی کا گھر ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کی آبادی تقریباً اسلامی تعاون تنظیم کے 33 سے زیادہ رکن ممالک کی مشترکہ آبادی کے برابر ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندو مذہب اور اسلام کے گہرے روحانی مواد نے لوگوں کو اکٹھا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اتفاق نہیں ہے کہ تقریباً 200 ملین مسلمانوں کا گھر ہونے کے باوجود عالمی دہشت گردی میں ہندوستانی شہریوں کی شرکت ناقابل یقین حد تک کم رہی ہے!







