دہرادون:اتراکھنڈ کے مدارس میں بھی اب بچے اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ، این سی سی اور این ایس ایس کی ٹریننگ لے سکیں گے۔ ریاستی وزیر تعلیم دھن سنگھ راوت نے اس سلسلے میں مدارس کو ہدایات دی ہیں۔ اس طرح اب اتراکھنڈ کے مدرسہ میں پڑھنے والے طلباء مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکاؤٹس اور گائیڈ اور این سی سی کی تربیت بھی کر سکیں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس سے مدارس کے طلبہ کو فوج میں بھرتی ہونے کی ترغیب ملے گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب حال ہی میں مدرسوں میں ڈریس کوڈ اور این سی ای آر ٹی کے نصاب کو نافذ کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ ٹی وی 9بھارت ورش کی رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم دھن سنگھ راوت نے کہا کہ تمام اسکولوں، پرائیویٹ اسکولوں، سنسکرت اسکولوں، آنگن واڑیوں، سرکاری امداد یافتہ اسکولوں اور تمام مدارس میں این سی سی، این ایس ایس اور اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس کورس کرائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے جو وردی ان کورسز کے لیے مقرر کی گئ ہے اسے مدارس میں بھی نافذ کیا جائے گا۔اس کا مطلب ہے کہ مدارس کے طلبہ کو اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ اور این سی سی کے لیے بنائے گئے ڈریس کوڈ پر عمل کرنا ہوگا۔ انہیں یونیفارم پہن کر مختلف ٹریننگ میں حصہ لینا ہوگا۔اس سے پہلے، اتراکھنڈ وقف بورڈ نے اگلے سال اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن سے اپنے مدارس میں انگلش میڈیم ، ڈریس کوڈ اور این سی ای آر ٹی کے نصاب کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتراکھنڈ وقف بورڈ کے صدر شاداب شمس نے حال ہی میں بتایا کہ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہے، جہاں مدارس کے بچوں کو مرکزی دھارے سے جوڑنے کے لیے یہ نئی پہل کی جا رہی ہے۔
اتراکھنڈ پہلی ریاست ہوگی جو مدارس میں این سی ای آر ٹی کے نصاب اور انگلش میڈیم سے ڈریس کوڈ کے ساتھ تعلیم فراہم کرے گی۔شمس نے کہا کہ وقف بورڈ ریاست میں 103 مدارس چلاتا ہے، جن میں سے چار اضلاع – دہرادون، ہری دوار، ادھم سنگھ نگر اور نینی تال میں واقع سات مدارس کو ماڈل مدارس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وہاں اسمارٹ کلاسز چلائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مدارس میں ڈریس کوڈ پر مسلم مذہبی رہنماؤں سے بات چیت کی جا رہی ہے اور انہیں اعتماد میں لینے کے بعد ہی اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب مدارس میں انگلش میڈیم پڑھایا جائے گا تو ڈریس کوڈ بھی انہی خطوط پر ہوگا۔